counter easy hit

الطاف حسین کی عزت اسی میں ہے وہ اپنا امیدوار واپس لے لیں، سراج الحق

Siraj ul Haq

Siraj ul Haq

کراچی (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کی عزت اسی میں ہے کہ وہ اپنا امیدوار واپس لے لیں کیونکہ کراچی میں اب جبر کا خاتمہ ہونے والا ہے۔

کراچی میں شاہراہ پاکستان پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ شہر نے الطاف حسین اور اس کے ٹولے کو کیا کچھ نہیں دیا لیکن اب کراچی کو لوگ اجمل پہاڑی اور صولت مرزا کے حوالے سے جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے جب کہ الطاف حسین کی عزت اسی میں ہے کہ وہ این اے 246 سے اپنا امیدوار واپس لے لیں کیونکہ اب شہر میں جبر کا خاتمہ ہونے والا ہے، کراچی کے لوگ کہتے ہیں کہ اب یہاں سلیکشن نہیں الیکشن ہونا چاہئے کیونکہ اب شہر کے لوگ آزادی کا سانس لینا چاہتے ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ الطاف حسین جان لیں اب جی تھری کا نہیں تھری جی کا زمانہ آگیا شہر میں اب غنڈہ گردی کی سیاست نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے پوچھتا ہوں کہ کراچی میں یہ کیا ڈرامہ چل رہا ہے، قائم علی شاہ بتائیں وہ سال میں کب جاگتے ہیں۔