counter easy hit

علیم ڈار 350 میچز میں امپائرنگ کا سنگ میل عبور کرنے پرخوشی سے سرشار

لاہور: پاکستانی امپائر علیم ڈار 350 انٹرنیشنل میچز کا سنگ میل عبور کرنے پر خوشی سے سرشار ہیں۔

Aleem Dar is delighted to cross the milestone of umpiringآئی سی سی ایلیٹ امپائر علیم ڈار نے 350انٹرنیشنل میچز سپروائز کرنے کا سنگ میل عبور کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے، ایک ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہا کہ اتنے طویل عرصے تک انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کرنا اعزاز ہے ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے پر آئی سی سی، پی سی بی اور پاکستانی عوام کا شکرگزار ہوں۔

علیم ڈار نے کہا کہ آج میں اس مقام پر پاکستان کی وجہ سے پہنچا ہوں، مستقبل میں بھی کوشش ہو گی کہ اسی طرح ملک کا نام روشن کروں،عوام سے درخواست ہے کہ اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں تاکہ اپنی خدمات کا معیار آئندہ بھی برقرار رکھنے میں کامیاب رہوں۔

دوسری جانب اہم سنگ میل عبور کرنے پر سابق چئیرمین پی سی بی خالد محمود، سابق منیجر قومی ٹیم اظہر زیدی، ٹیسٹ کرکٹرز عبدالرزاق، عمران نذیر اور پی اینڈ ٹی جیمخانہ کے کھلاڑیوں نے علیم ڈار کو مبارکباد پیش کی ہے، انھوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ وہ آئندہ بھی دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے ملکی وقار میں اضافے کا باعث بنیں گے۔

واضح رہے کہ علیم ڈار نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کراچی میں ٹی ٹوئنٹی سیریزکے دوران 350 میچز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ وہ اب تک 117 ٹیسٹ، 190 ون ڈے اور 43 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سپروائز کر چکے ہیں،روڈی کوئٹزن نے اب تک 331میچز میں فرائض سرانجام دیے ہیں۔