counter easy hit

طورخم بارڈر پر باڑ لگانے کا تنازع ، افغان فائرنگ پر پاکستان کا احتجاج

Afghan police

Afghan police

افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے پاکستانی جوان زخمی ، افغان حکومت سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ
طورخم (یس اُردو) طورخم بارڈر پر گیٹ اور باڑ لگانے کے تنازع پر افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے ایف سی اہلکار زخمی ہوگیا ، پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی ہے ۔ حکومت پاکستان نے واقعہ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغان حکومت سے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر ایجنسی میں طورخم بارڈر گیٹ پرافغان فورسز نے پاکستانی علاقے پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے ایک پاکستانی جوان زخمی ہوگیا ۔ پاک فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی ۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق حالیہ دنوں میں زیادہ تر دہشت گرد طورخم بارڈر کا راستہ استعمال کرتے پائے گئے ۔ ایسے دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے پاکستان اپنے علاقے میں گیٹ تعمیر کر رہا تھا تاہم افغان فورسز نے بلااشتعال فائرنگ کر دی ، دوسری جانب حکومتی ترجمان نے پاک افغان سرحد پر فائرنگ کے واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ حکومتی ترجمان کا کہنا تھا بلا اشتعال فائرنگ جیسے واقعات دونوں ممالک کے تعلقات کو متاثر کر سکتے ہیں ۔ افغان حکومت واقعے کی فوری تحقیقات کرے ۔