counter easy hit

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں، ترجمان پاک فوج

Asim Bajwa

Asim Bajwa

راولپنڈی (یس ڈیسک) ترجمان پاک فوج نے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات سے متعلق خبروں پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہے کہ پاکستان افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات کی حمایت کرتا ہے کیونکہ افغانستان میں امن خطے کے امن کے لیے ضروری ہے۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں قیام امن کی حمایت کی ہے، خطے میں قیام امن کے لیے ہونے والے ہر اجلاس میں افغانستان میں استحکام لانے کی بات کی ہے اور اب بھی خلوص سے ہر مفاہمتی عمل کی حمایت کریں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن خطے کے امن کے لیے ضروری ہے تاہم مذاکرات کی کامیابی کا دارومدار دونوں فریقین پر ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ تمام فریق اس عمل میں نہ صرف ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے بلکہ امن دشمنوں کو بھی ناکام بنائیں گے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ افغان حکومت اور افغان طالبان کےد رمیان مذاکرات پائیدار امن کا باعث بنیں گے اور افغانستان میں امن خطے کے لیے مفید ہوگا۔ واضح رہے کہ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے افغان طالبان کی جانب سے امریکا سے مذاکرات کے لیے رضامندی کی خبر شائع کی تھی تاہم امریکا نے افغان طالبان سے کسی بھی قسم کے مذاکرات کی تردید کردی ہے۔