counter easy hit

ابوظہبی میں سورج انگلینڈ کی امیدیں لے ڈوبا، پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم

Abu Dhabi Test

Abu Dhabi Test

ابوظہبی :پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ابو ظہبی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا، قومی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں173 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد مہمان ٹیم کو جیت کے لئے 21 اوورز میں 99 رنزکا ہدف ملا۔ ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم نے جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش کی لیکن اس کے 4 کھلاڑی 74 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، معین علی 11، جوز بٹلر 4 ،بین اسٹوک 2 اور بیراسٹرو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کو جیت کے لیے 8 اوورز میں 25 رنز درکار تھے لیکن امپائرز نے کم روشنی کے باعث میچ روک دیا اور یوں پاکستان یقینی شکست سے بچ گیا۔ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک اور ذوالفقار بابر نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔

کھیل کے پانچویں روز انگلش ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 598 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلئیر کی تو اسے پاکستان پر 75 رنز کی برتری حاصل تھی جس کے بعد دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کو ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار ہونا پڑا، شان مسعود ایک اور شعیب ملک بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد محمد حفیظ اور یونس خان نے محتاط انداز اپناتے ہوئے اسکورکو آگے بڑھایا اور ٹیم کا مجموعی اسکور 47 تک پہنچا تو محمد حفیظ 34 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔

چوتھی وکٹ کی شراکت میں کپتان مصباح الحق اور یونس خان نے 66 رنز کی شراکت قائم کی لیکن یونس 45 رنز بنا کر کر 113 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔انگلش ٹیم کی تباہ کن بولنگ کی بدولت پاکستان کی پوری ٹیم 173 رنز پر آوٹ ہوگئی، مصباح الحق 51، یونس خان 45، محمد حفیظ 34 اور سرفراز احمد 27 رنز بناسکے۔ انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 5، معین علی اور جیمز اینڈریسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل انگلینڈ نے کھیل کے آخری روز اپنی نامکمل اننگز 569 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو عادل راشد 6 اور اسٹارٹ براڈ صفر رنز پر کریز پر موجود تھے۔ دونوں بلے بازوں نے محتاظ کھیلتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن ٹیم کا مجموعہ 590 رنز تک پہنچا تو عادل راشد 12 رنز بنا کر عمران خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد انگلش ٹیم نے 598 رنز پر اپنی پہلی اننگز ڈکلئیر کردی جس کے بعد اسے پاکستان پر 75 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

اسٹارٹ براڈ 17 اور جیمز انڈریسن 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ السٹر کک 263، جوائے روٹ 85 اور این بیل 63 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، شعیب ملک اور عمران خان نے 2،2 جب کہ ذوالفقار بابر اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں شعیب ملک کے 245، اسد شفیق 107 اور محمد حفیظ کے 98 رنز کی بدولت 523 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلئیر کردی تھی۔