counter easy hit

عبدالستار ایدھی کا سوئم، شہر شہر قرآن خوانی، مسیحا کے بلند درجات کیلئے دعائیں

Abdul Sattar Edhi

Abdul Sattar Edhi

فخر پاکستان، بابائے خدمت عبدالستار ایدھی کے سوئم پر ملک بھر میں قرآن خوانی کی گئی، شہر شہر دکھی انسانیت کے مسیحا کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
لاہور/اسلام آباد/کوئٹہ/حیدر آباد/لاڑکانہ/کراچی: (یس اُردو) لاوارثوں کے وارث، دکھی انسانوں کے مسیحا عبدالستار ایدھی کے انتقال پر ملک بھر میں سوگ کا عالم ہے۔ بابائے خدمت کے سوئم پر شہر شہر دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔عبدالستار ایدھی کا سوئم میمن مسجد بولٹن مارکیٹ میں ہوا جس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، سماجی کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مسجد کے باہر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ مسجد کے باہر واک تھرو گیٹس نصب کئے گئے تھے۔ چار سو پولیس اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض انجام دیئے۔ سیاسی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی محسن پاکستان تھے، قوم تاقیامت ان کی احسان مند رہے گی۔اس موقع پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے عبدالستار ایدھی کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور انکی وفات کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے میٹھا در میں واقع ایدھی ہوم میں عبدالستار ایدھی کی زندگی میں تو سائلین کا تانتا بندھا ہی رہا لیکن ان کی وفات پر ایصال ثواب کی دعا کرنے والوں اور خراج عقیدت پیش کرنے والوں کی بھی کمی نہیں تھی۔ خواتین اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں عبدالستار ایدھی کے سوئم میں شرکت کی اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا