لاہور: اداکارہ و ماڈل حمائمہ ملک نے کہا ہے کہ میری تمام ترتوجہ اپنی نئی پاکستانی فلم ’’ارتھ ٹو‘‘پرمرکوز ہے۔جب میں نے شوبز میں انٹری دی توسب سے پہلے فیشن انڈسٹری میں قدم رکھتے ہوئے ریمپ پر کیٹ واک کی اور اس موقع پر بہترین رسپانس ملنے سے میری خوب حوصلہ افزائی ہوئی۔ ٹی وی کمرشلز کیے اوراس کے ساتھ ساتھ ٹیلی فلموں اور سیریلز کی بھی آفرز کا سلسلہ جاری رہا۔ میں نے اس موقع پرایک فیصلہ لے لیا تھا کہ میں اپنے فنی سفرمیں جوبھی کام کرونگی وہ معیاری ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ بھارت میں عمدہ رسپانس ملنے کے بعد مجھے بالی وڈ کے تین بڑے بینرز سے مرکزی کردار آفر ہوئے جن کا اسکرپٹ اور اپنا کردار دیکھنے کے بعد میں نے انھیں سائن کرلیا۔ اسی طرح جب میں نے پاکستان میں واپس آکر کام شروع کیا تو پھر یہاں بھی زبردست پروجیکٹس میرے حصے میں آئے۔ کسی نے مجھے رومانٹک کردار دیا تو کسی نے سنجیدہ، ان میں ایک بات مشترک تھی کہ سب کے سب بہت جاندار تھے۔ اس وقت میری تمام ترتوجہ اپنی نئی پاکستانی فلم ’’ارتھ ٹو‘‘ پر مرکوز ہے۔ اس فلم میں جس طرح سے مجھے پیش کیا جائے گا اور کام لیا گیا ہے، اس سے پہلے ایساکام میں نے کبھی نہیں کیا۔ میں سمجھتی ہوں کہ ایک فنکار جو منفرد مقام پانے کے لیے کردار تلاش کرتا ہے، وہ کردارمیں نے ’ارتھ ٹو‘ میں ادا کیا ہے۔








