اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے نئے چیئرمین کی تقرری پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کوئی ڈیڈ لاک نہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ چیرمین نیب کے لیے حکومت اوراپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے مجوزہ نام مسترد کردیے ہیں۔ پی ٹی آئی کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے الزام لگایا ہے کہ چیئرمین نیب کی تقرری پرمسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی میں مک مکا ہوگیا ہے۔ نیب کے موجودہ چیرمین قمر زمان چوہدری کی مدت ملازمت میں چند روز باقی رہ گئے ہیں۔ حکومت کی طرف سے پیش کیے گئے ناموں میں جسٹس ریٹائرڈ رحمت جعفری ، جسٹس ریٹائرڈ چوہدری اعجاز اور ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان شامل ہیں، جبکہ اپوزیشن نے جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر، جسٹس ر یٹائرڈ جاوید اقبال اور الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری اشیاق احمد خان کے نام دیے ہیں۔








