کوئٹہ: ارباب کرم خان روڈ پر ہونے والی فائرنگ سے بلوچ نیشنل پارٹی مستونگ کے رہنما ملک نوید دہوار اپنے محافظ سمیت جاں بحق ہوگئے۔

The local leader of the BNP killed at unknown persons firing in Quetta
کوئٹہ کے علاقے ارباب کرم خان روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بلوچ نیشنل پارٹی کے رہنما ملک نوید دہوار اپنے محافظ سمیت جاں بحق ہوگئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ملک نوید دہوار بلوچستان کے علاقے مستونگ میں بلوچ نیشل پارٹی کے رہنما ہیں اور آج صبح کوئٹہ میں موجود اپنی رہائش گاہ سے شوروم پر جارہے تھے کہ ارباب کرم خان روڈ پر موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ملک نوید اور ان کا محافظ شدید زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی تاہم ملک نوید دہوار اور ان کا محافظ موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے۔ دونوں افراد کی لاشیں سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردی گئی ہیں جب کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔








