counter easy hit

دنیا میں بلند ترین پاکستانی چوٹی جو اب تک سر نہیں ہو سکی

  خوبصورت قول ہے: ’’زندگی بھی پہاڑ کے مانند ہے۔ اس پر چڑھنا کٹھن ہے، مگر جب انسان چوٹی پر پہنچ جائے، تو متحیر کردینے والے نظارے اس کے منتظر ہوتے ہیں۔‘‘

The world highest peak in the Pakistan who could not head far till now

The world highest peak in the Pakistan who could not head far till now

بلند و بالا پہاڑ فطرت کا شاہکار ہیں۔ خوش قسمتی سے خطہِ پاکستان فطرت کی ان ہیبت ناک اور دیوہیکل نشانیوں سے بھرا پڑا ہے۔ چناں چہ دنیا کے مشکل ترین مشغلوں میں سے ایک، کوہ پیمائی کے عاشق ارض پاک کی جانب کھینچے چلے آتے ہیں۔ یہ تو سبھی جانتے ہیں کہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی، کے ٹو پاکستان میں واقع ہے۔ مگر کم ہی لوگوں کو علم ہے کہ دنیا کی بلند ترین ’’دوشیزہ چوٹی‘‘ بھی ارض پاکستان کی زینت ہے۔ کوہ پیمائی کی اصطلاح میں دوشیزہ چوٹی سے مراد وہ چوٹی ہے جو ابھی تک سر نہ ہوئی ہو۔اس پاکستانی چوٹی کا نام ’’موشو چیش‘‘ ہے جو 7453 میٹر (24452 فٹ) بلند ہے۔ یہ دنیا کی ساٹھویں جبکہ وطن عزیز کی پچیسویں بلند ترین چوٹی ہے۔ یہ قراقرم سلسلہ ہائے کوہ کے ذیلی سلسلے، ’’سبتورا موز تاغ‘‘ کا حصہ ہے۔

سبتورا موز تاغ کے پہاڑ وادی ہنزہ کے مغرب میں واقع ہیں۔ یہ پہاڑ قراقرم کو ہندوکش اور پامیر کے سلسلہ ہائے کوہ سے جدا کرتے ہیں۔ سبتورا موز تاغ کے پہاڑ پہلو بہ پہلو دور تک چلے گئے ہیں۔ اس ذیلی پہاڑی سلسلے کی بلند ترین چوٹی ’’سبتورا سار‘‘ کہلاتی ہے۔ یہ 7795 میٹر بلند چوٹی پاکستان کی دسویں جبکہ دنیا کی پچیسویں بلند ترین چوٹی ہے۔سبتورا موز تاغ میں اکثر برفانی تودے گرتے رہتے ہیں۔ مزید براں علاقے میں طوفانی ہوائیں چلنا بھی معمول ہے۔ ان پہاڑوں کا بیشتر ڈھلوانی حصّہ بھی چپٹا ہے۔ یہ عوامل سبتورا موز تاغ کی چوٹیاں سرکرنا انتہائی مشکل بنا دیتے ہیں۔ 2014ء میں برطانیہ کے مشہور کوہ پیما، پیٹر تھامسن نے موشو چیش سر کرنے کی کوشش کی تھی۔ تاہم نہایت سخت برف نے اسے چھ ہزار میٹر بلندی سے واپس ہونے پر مجبور کردیا۔ یوں وہ دنیا کی بلند ترین کنواری چوٹی سر کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ سائنس و ٹیکنالوجی میں محیر العقول کارنامے سرانجام دینے کے بعد حضرت انسان کائنات کی وسیع پہنائیوں میں کمندیں ڈال رہا ہے۔ مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ آج بھی کرہ ارض پر موشو چیش جیسے مقامات موجود ہیں جو اس کی ہمت و جرات کو چنوتی دیتے اور جذبہ مہم جوئی ابھارتے ہیں۔

یاد رہے، اعدادو شمار کی رو سے بھوٹان میں واقع چوٹی ’’گنگھڑ پوینسم‘‘ دنیا کی بلند ترین دوشیزہ چوٹی ہے۔ اس کی اونچائی 7570 میٹر ہے۔ مگر حکومت بھوٹان نے دیومالا اور مقامی روایات کی وجہ سے اس پر چڑھنے پر پابندی لگا رکھی ہے۔ اسی لیے قانونی طور پر پاکستان کی موشو چیش ہی کرہ ارض پر بلند ترین دوشیزہ چوٹی سمجھی جاتی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ آنے والے وقتوں میں کون ہمت کا متوالا اس پاکستانی چوٹی پر انسانی دلیری و عزم کے جھنڈے گاڑتا ہے۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website