کراچی: لیاری میں رات گئے 2 مسلح افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ڈاکٹر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

The doctor shot dead in the area of Karachi,s lyari khadda market
کراچی میں لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں اپنے کلینک سے فارغ ہوکر ڈاکٹر ذوالفقارعلی گھر کے لیے جارہے تھے کہ راستے میں 2 مسلح افراد نے ان پر چاقوؤں سے حملہ کردیا، ڈاکٹراپنی جان بچاتے ہوئے گھرکی طرف بھاگے لیکن مسلح ملزمان نے گھر کے دروازے پرپکڑلیا اوران پر فائرنگ کرکے فرارہوگئے۔ ڈاکٹر ذوالفقارعلی کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا تاہم بعد میں اہل خانہ کی درخواست پر انہیں نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔
ڈی ایس پی رستم نوازکا کہنا ہے کہ ڈاکٹرذوالفقارعلی کے کلینک میں 2 مسلح ملزمان نے پہلے چھری سے حملہ کیا تھا اور پھر فائرنگ کی، گولی ان کے سرپرلگی جو جان لیوا ثابت ہوئی، تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جب کہ ڈاکٹر کا قتل ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔








