ملکہ کوہسارمری ،اپر ہزارہ ، کے بالائی علاقوں میں کئی روز کی برف باری کے بعد بادلوں کی اوٹ سے سورج نکل آیالیکن دھوپ میں ابھی بھی ٹھنڈک باقی ہے۔آزاد کشمیر کے شمالی علاقوں کی شاہراہوں اور شمالی بلوچستان میں ہرنائی کوئٹہ شاہراہ پرچپر لپٹ اور کوژک ٹاپ پربرف ہٹانے کا کام جاری ہے ۔
ملک کے بیشتربالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ رک گیا ہے اور اب برف کےباعث بندہونےوالی سڑکوں کی بجالی کام جاری ہے ۔ملکہ کوہسار مری میں دو تین دن سے وقفے وقفے سے جاری رہنے والا برف باری سلسلہ اب تھم چکا ہےلیکن سورج نکلنے کے باوجود وادی میں یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے۔آزادکشمیرمیں برف باری کے باعث بند ہونے والی شاہراہوں کو کھولنے کا کام جاری ہے۔محکمہ شاہرات کے مطابق سدھن گلی اور محمود گلی سے برف ہٹانے کاکام آج کیا جائے گا۔اب تک بالائی وادی نیلم میں تین فٹ ،وادی گریز میں چار فٹ اور وادی لیپہ میں ڈیڑھ فٹ جبکہ پنجال گلی میں سات فٹ سے بھی زائد برف پڑ چکی ہے۔ جہاں سے آہستہ آہستہ برف ہٹائی جائے گی ۔دوسری جانب شمالی بلوچستان میں معمولات زندگی آہستہ آہستہ بحال ہورہے ہیں۔ ہرنائی کوئٹہ شاہراہ پر چپر لپٹ کے مقام سے برف کی موٹی تہہ کو ہٹا کر راستے کو ہموار کیا جارہا ہے جبکہ کوژک ٹاپ کو ہلکی ٹریفک کےلئے بحال کردیا گیا ہے ۔اپر ہزارہ ڈویژن میں بارش اور برف باری کے بعد موسم کافی ٹھنڈا ہے،ناران جانیوالی شاہراہ و دیگر رابطہ سڑکیں بدستور بند ہیں۔ ابتک اپرہزارہ ڈویژن کے متعدد علاقوں میں ٹیلی فون اور بجلی بحال نہیں ہو سکی ہیں ۔ادھرگلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے برف باری کا سلسلہ جاری ہے ۔