counter easy hit

پیغام آفاقی کے انتقال پر منتظمین ‘بزم غزل’ کا اظہار تعزیت

Condolences

Condolences

قطر/پٹنہ اگست: ”مکان” اور ”پلیتہ” جیسے شہرہ آفاق ناول کے خالق ، معروف فکشن رائٹر پیغام آفاقی کے انتقال پر منتظمین بزم غزل احمد اشفاق(بزم اردو قطر)، ڈاکٹر منصور خوشتر(مدیر سہ ماہی دربھنگہ ٹائمز)، ایم آر چشتی(مظفرپور) اور کامران غنی صبا(معاون مدیر دربھنگہ ٹائمز) نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ احمد اشفاق نے قطر سے بذریعہ فون پیغام آفاقی کے انتقال پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ سال ادبی نقطۂ نظر سے غموں کا سال ہے۔ سال رواں میں اردو ادب کی کئی بڑی ہستیاں ہم سے رخصت ہو گئیں۔ احمد اشفاق نے کہا کہ پیغام آفاقی کا انتقال ادبی دنیا کے لیے ایک بڑا حادثہ ہے۔

سہ ماہی دربھنگہ ٹائمز کے مدیر ڈاکٹر منصور خوشتر نے بھی پیغام آفاقی کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا پیغام صاحب سے ”دربھنگہ ٹائمز” کے تعلق سے اکثر باتیں ہوا کرتی تھیں۔ دربھنگہ ٹائمز کے افسانہ نمبر پر انھوں نے مبارکباد پیش کی تھی اور رسالہ کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ ناول نمبر کے لیے میں نے انھیں انٹرویو کے سوالات بھیجے تھے لیکن کچھ دنوں کے بعد طبیعت خرابی کی وجہ سے انھوں نے معذرت کر لی لیکن جب ناول نمبر شائع ہوا اور فیس بک پر لوگوں کی آرا آنے لگیں تو انھوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ نوجوان شاعر اور بہار ترانہ کے خالق ایم آر چشتی نے پیغام آفاقی کے انتقال کو ادب کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ انھوں نے کہا علم و ادب کے بڑے بڑے ستون تیزی سے گرتے چلے جا رہے ہیں۔ نئی نسل میں مطالعہ کا ذوق نہیں ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ نئی نسل کی تربیت کے تعلق سے بھی سنجیدگی سے سوچا جائے۔

اردو نیٹ جاپان کے مدیر اعزازی اور دربھنگہ ٹائمز کے نائب مدیر کامران غنی صبا نے پیغام آفاقی کی موت پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیغام صاحب نوجوانوں کی کھل کر حوصلہ افزائی کرتے تھے۔ اردو نیٹ جاپان کے لیے انھوں نے اپنے کئی افسانے اور مضامین بھیجے۔ کچھ روز قبل جب ان سے بات ہوئی تو انھوں نے اپنی بیماری کا ذکر کیا اور دعا کی گزارش بھی کی۔ کیا معلوم تھا کہ اب آفاقی صاحب سے کبھی بات نہ ہو سکے گی۔ اللہ مرحوم کے درجات کو بلند کرے۔ڈاکٹر عبد الحنان سبحانی، شمیم قاسمی، نور جمشیدپوری،حبیب مرشد خاں، احمد عثمانی، نیاز نذر فاطمی، انجمن اختر، نرجس فاطمہ، انور آفاقی،محمد منہاج الدین،احتشام الحق اور دیگر اراکین بزم نے بھی پیغام آفاقی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحوم کی بلندیٔ درجات کے لیے دعائیں کی۔