میرپور……ویسٹ انڈیز نے فائنل میں بھارت کو 5وکٹوں سے شکست دے کر انڈر19کرکٹ ورلڈ کپ اپنے نام کرلیا، بھارت نے میچ جیتنے کیلئے 146رنز کا ہدف دیا جو ویسٹ انڈیز5وکٹوںکے نقصان پر حاصل کرلیا۔
شیر بنگلانیشنل اسٹیڈیم ،میرپور میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بھارت کی اننگز کا آغاز انتہائی تباہ کن رہا اور صرف 50کے مجموعی اسکور پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ سرفراز خان نے کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین کالی آندھی کا جم کر مقابلہ نہ کرسکا ، جس کی وجہ سے ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 45اعشاریہ ایک اوور میں 145رنز پر ڈھیر ہوگئی، سرفراز احمد نے51ر نز کی اننگز کھیلی۔ویسٹ انڈیز کی طرف سے جوزف اور جان نے تین، تین، پال نے دو جبکہ ہولڈر اور اسپرنگر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔146رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا اور 77 رنز پراس کے 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کیسی کارٹی اور پال نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مشکل سے نکالا اور چھٹی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 77رنز بناکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا، کارٹی نے 52جبکہ پال نے 39رنز کی اننگز کھیلی۔بھارت کی طرف سے میانک ڈگر تین، اویش خان اور خلیل احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔