طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ فوجی عدالت میں بھیجنے کا مطالبہ کر دیا، لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکمران سیاسی دہشت گرد ہیں، کرپشن کےسواء ان کا کوئی ایجنڈانہیں۔لاہور: (یس اُردو) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے ایجنڈا پیش کر دیا۔ کہتے ہیں حکمران سیاسی دہشت گردی میں ملوث ہیں۔ پہلے ان کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلانے اور الیکشن سے پہلے انتخابی اصلاحات کا مطالبہ کر دیا۔لاہور میں مصطفوی طلباء کنونشن میں ڈاکٹر طاہر القادری کی گھن گرج پھر لوٹ آئی، انہوں نے طلباء سے پرجوش خطاب کیا۔ کہتے ہیں دہشت گردی ختم کرنی ہے تو سب سے پہلے بڑے سیاسی دہشت گردوں کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ضرب عضب کو ناکام بنانے کے لئے داعش کو آگے لایا جا رہا ہے اور کرپشن کے سوا حکمرانوں کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ کیا حکمران اسلام آباد میں ایک اور دھرنا چاہتےہیں؟عوامی تحریک کے قائد نے کہا کہ جاتی امرا دور نہیں، اینٹ سے اینٹ بجا سکتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی تقریر سن کر حکمرانوں کی بند کمرے میں ٹانگیں کانپ رہی ہوں گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں چودہ افراد کو شہید کرنے والے دہشت گرد ہیں، ان کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے۔طاہر القادری نے پنجاب حکومت کو للکارتے ہوئے حکومت پر بے حس ہونے اور اہم موضاعات سے عوام کی توجہ ہٹانے کے الزامات بھی عائد کئے۔