
انہوں نے کہا کہ ہزارہ موٹروے منصوبے پر ایبٹ آباد تک کام مکمل کیا جاچکا ہے ۔ اس سے قبل ہزارہ موٹر وے کو مرحلہ وار کام مکمل کرنے کے ساتھ نیشنل ہائی وے کی جانب سے کھولنے کا پروگرام تھا تاہم اب ہزارہ موٹر وے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کردیا گیا ہے۔ منصوبہ پر کام کرنے والی کمپنی کو اگست کے پہلے ہفتے تک کام مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نواز خان نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ہزارہ موٹروے منصوبے کو مانسہرہ تک ایک ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا افتتاح اگست میں وزیراعظم مانسہرہ کے مقام پر کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو آئے آٹھ ماہ ہوئے ہیں، ماضی کی حکومتوں کی وجہ سے ملک کے معاشی حالات خراب ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان کی کوششوں سے ملک میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں ، عالمی مالیاتی ادارے سے پیکج ملنے کے بعد معیشت مضبوط ہوگی جبکہ مہنگائی میں بھی کمی آئے گی ۔ نواز خان نے کہا کہ حکومت قومی دولت لوٹنے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی بلکہ ان سے وصولی کرکے پیسہ عوام پر خرچ کیا جائے گا۔








