counter easy hit

وقت سے پہلے موسم گرما کی تعطیلات

لاہور: پنجاب کے سکولوں کے طلبا کو وقت سے پہلے گرمی کی چھٹیاں دینے کی تجویز پیش کر دی گئی۔ وقت سے پہلے چھٹیوں کی تجویز رمضان المبارک کی آمد کی وجہ سے دی گئی ہے۔ حتمی فیصلہ آئندہ 10 دنوں میں متوقع ہے۔ گزشتہ سال بھی گرمیوں کی چھٹیاں 17 مئی کو ہی کر دی گئی تھیں۔ اس سے پہلے پنجاب حکومت نے یکم جون سے پنجاب کے تمام سکولوں کو چھٹیاں کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم اب تجویز پیش کی گئی ہے کہ سکولوں کو وقت سے پہلے چھٹیاں کر دی جائیں تا کہ طلبا رمضان المبارک میں گرمی سے بچ سکیں اور اس بابرکت مہینے کے فضائل کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔ یاد رہے کہ رواں سال 6 سے 7 مئی سے رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہو رہا ہے اور شدید گرمی بھی پڑنا شروع ہو گئی ہے اسی لیے حکومت نے سکولوں کو قبل از وقت چھٹیاں دینے پر غور شروع کردیا ہے۔ دوسری طرف نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافے پر والدین نے سرکاری اسکولوں کارخ کرلیا، والدین کا کہنا ہے فیسوں میں اضافہ اور روزانہ ایکٹیوٹی کے نام پر پیسے لیے جاتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافے پر والدین نے ضلع جنوبی کے درجنوں نجی اسکولوں میں بچوں کے داخلے منسوخ کرا دیے اور سرکاری اسکولوں کارخ کر لیا۔ والدین کا کہنا ہے فیسوں میں اضافہ اور روزانہ ایکٹیوٹی کے نام پر پیسے لیے جاتے ہیں۔ سرکاری اسکول کی پرنسپل نے کہا 2300 بچوں نےگورنمنٹ چرچ مشن اسکول میں داخلہ حاصل کیا، رواں سال اب تک مزید ایک ہزار سے زائد داخلہ فارم لے چکے ہیں اور والدین کی بڑی تعداد داخلے کیلئے رجوع کررہی ہے۔ یاد رہے کہ ستمبر 2018 میں سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا تھا کہ نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زیادہ فیس بڑھانے کا اختیار نہیں ہے جبکہ عدالت نے نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زائد فیس وصولی سے روک دیا تھا۔