counter easy hit

پی ایس ایل کے میچز لاہور سے کراچی منتقل کرنا مہنگا پڑ گیا

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں شیڈول تینوں میچز کراچی منتقل کئے جانے کے بعد اے بی ڈی ویلیئرز کی پاکستان آمد کے امکانات بھی معدوم ہوگئے ہیں۔ پروٹیز سٹار بیٹسمین کا لاہور قلندرز کی جانب سے 7 میچز کھیلنے کا معاہدہ تھا، وہ یو اے ای میں اپنے کنٹریکٹ کے مطابق میچز کھیلنے کے بعد دبئی سے رخصت ہوگئے تھے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور لاہور قلندرز کی جانب سے خصوصی دعوت پر انہوں نے لاہور میں مزید دو میچز کھیلنے کے لیے حامی بھر لی تھی۔ ڈی ویلیئرز کو ان مقابلوں کے لیے خصوصی طور پر آنا تھا لیکن اب پی سی بی نے قذافی سٹیڈیم، لاہورمیں شیڈول تینوں میچز بھی کراچی منتقل کردیئے ہیں، اس صورتحال میں اے بی ڈی ویلیئرز کی پاکستان آمد پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے، موجودہ صورتحال میں وہ لاہور کے بجائے کراچی میں کھیلنے کے لیے تیار ہوتے ہیں یا نہیں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے یو اے ای اور پاکستان میں شروع ہوگیا ہے ، لیگ کا فائنل 17 مارچ کو نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلا جائے گا، لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے پنجہ آزمائی کریں گی، لیگ راﺅنڈ روبن فارمیٹ کے تحت کھیلی جائےگی۔دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لاہور میں شیڈول تمام میچ کراچی منتقل کرنے کا اعلان تو کر دیا ہے اور اب ایسا کرنے کی حیران کن وجہ بھی سامنے آ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں ہونے والے میچوں کیلئے براڈ کاسٹرز کو 1500 ٹن وزنی سامان دبئی سے لاہور پہنچانا تھا تاہم فلائٹ آپریشن کی معطلی اور پھر تاخیر سے شروع ہونے کی وجہ سے لاہور میں میچ نہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا اور شائقین کرکٹ سے پاکستان میں میچ کرانے کا وعدہ پورا کرنے کیلئے تمام میچ کراچی منتقل کر دئیے گئے۔