اگر تو آپ انڈے روزانہ کھانے کے عادی ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس عادت کے نتیجے میں فالج کا خطرہ کافی حد تک کم کرسکتے ہیں۔

اس تحقیق کے دوران 37 سے 79 سال کی عمر کے 5 لاکھ افراد کا جائزہ 9 سال تک لیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ انڈہ کھانا امراض قلب اور فالج کا خطرہ کم کرتا ہے۔ تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ اس عادت کے نتیجے میں دماغی شریان پھٹنے یا برین ہیمرج کا خطرہ 26 فیصد تک کم ہوجاتا ہے جبکہ امراض قلب سے موت کا خطرہ 18 فیصد گھٹ جاتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں ایک کروڑ 77 لاکھ افراد امراض قلب یا فالج کے نتیجے میں ہلاک ہوتے ہیں، اس کی وجہ تمباکو نوشی، ورزش نہ کرنا اور ناقص غذا کا استعمال بنتا ہے۔
انڈے غذائی کولیسٹرول سے بھرپور ہوتے ہیں، جس کے بارے میں پہلے خیال کیا جاتا تھا کہ یہ خون کی شریانوں کے مسائل کا باعث بن سکتا ہے تاہم یہ اہم پروٹین اور وٹامنز سے بھی لیس ہوتا ہے۔ محققین کا کہنا تھا کہ روزانہ ایک انڈہ کھانا خون کی شریانوں سے جڑے امراض جیسے امراض قلب یا فالج وغیرہ کا خطرہ کم کرتا ہے۔ اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل ہارٹ میں شائع ہوئے۔








