سام سنگ کی جانب سے رواں سال کے دوسرے فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 9 کو توقع سے زیادہ جلدی متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ سام سنگ نے اپریل میں ہی اس فون کی بڑے پیمانے پر پروڈکشن شروع کردی تھی۔ یہ فون 6.38 انچ کے لگ بھگ بیزل لیس ڈپسلے کے ساتھ ہوگا۔ یہ پہلا موقع نہیں جب گلیکسی نوٹ 9 کو جلد متعارف کرانے کی رپورٹ سامنے آئی ہے، اس سے قبل مارچ میں بھی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ یہ فون جولائی میں پیش کیا جاسکتا ہے۔ اس فون کو پہلے ہی چائنا منسٹری آف انڈسٹری اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں سرٹیفائی کرایا جاچکا ہے، جس سے بھی اس کے جلد سامنے آنے کا عندیہ ملتا ہے۔
اس فون میں پہلے سے زیادہ بڑے ڈسپلے کے ساتھ 4000 ایم اے ایچ بیٹری دیئے جانے کا بھی امکان ہے جو کہ ایک چارج پر 2 دن تک کام کرسکے گی۔ اس فون میں چہرے کو شناخت کرکے فون ان لاک کرنے کا نظام بھی بہتر بنائے جانے کا امکان ہے، تاہم سام سنگ ممکنہ طور پر ڈسپلے کے اندر فنگرپرنٹ اسکینر کو نصب کرنے کی ٹیکنالوجی متعارف نہیں کراسکے گی۔ اس کے علاوہ کوالکوم اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر، نیا ایس پین، ڈیجیٹل اسسٹنٹ بیکسبی 2.0، پہلے سے بہتر بیک اور فرنٹ کیمرے بھی اس فون کا حصہ ہوں گے۔








