مظفر آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی آواز جبر سےدبانا بھارت کا ناکام ایجنڈا ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے حریت کانفرنس کے نمائندوں کی ملاقات کی، ملاقات میں وزیر اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود ، کشمیر کمیٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان،وزیر خارجہ خواجہ آصف، وفاقی وزیر برجیس طاہر، غلام محمد صفی،فیض نقشبندی، محمود ساگر، اشتیاق حمید،شمیم شال اور اعجاز لون موجود تھے۔ حریت رہنماوٴں نے وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیر میں حالیہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ وہ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے آزادکشمیر آئے ہیں، پاکستان پہلے بھی کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑا رہا اور آج بھی کھڑا ہے، حکومت اور پاکستان کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، کابینہ کے خصوصی اجلاس میں بھارتی فوج کے ظلم اور جبر کی شدید مذمت کی گئی، وفاقی کابینہ نے 6 اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا، پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہر سطح پر کاوشیں جاری رکھے گا، سفارتی مشنز سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کے لیے متحرک ہیں۔








