کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 3افغان باشندوں سمیت 6ملزمان کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔کارروائیاں مومن آباد،جوہرآباد اور شاہ لطیف ٹاون میں کی گئیں تھیں۔

6 criminals arrested and huge weapons cache found in raids and operation in areas of karachi
اورنگی ٹاون مومن آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر رہائش پذیر2 افغان باشندے راز محمد اور محمد نسیم کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان2افراد کو رہائش فراہم کرنے والے مالک مکان بخت زادہ کو بھی گرفتار کرکے فارن ایکٹ اور ریذیڈنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔جوہر آباد سے بھی پولیس نے افغان باشندے صلاح الدین کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب شاہ لطیف ٹاون میں پولیس نے پیٹرولنگ کے دوران شہریوں سے لوٹ مارکرنے والے2اسٹریٹ کریمنل وحید احمد اور بابر علی کو گرفتار کرکے اسلحہ اور لوٹا گیا سامان برآمدکرلیا۔پولیس کے مطابق ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ادھر کراچی کے علاقے رئیس گوٹھ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ اور منشیات کا بڑا زخیرہ پکڑکرتخریب کاری کی کوشش ناکام بنادی ہے۔ ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ انٹیلیجنس بیورو اور سٹی ڈویژن پولیس نے خفیہ اطلاع پر رئیس گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے اسلحے اور منشیات کا بڑا ذخیرہ پکڑلیا ہے۔ کارروائی کے دوران بھاری اسلحہ، گولہ بارود، منشیات برآمد کی گئی، برآمد اسلحے میں بھاری اور خطرناک اسلحہ ،جبکہ منشیات میں 15کلوگرام سے زائد اعلی کوالٹی کی ہیروئن شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق اسلحہ گینگ وار کے بابا لاڈلہ گروپ کا تھا اور شہر میں بڑی تخریب کاری کے لیے استعمال ہوناتھا۔








