counter easy hit

نواز لیگ کا وزیراعظم اور ان کے خاندان پر الزامات کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ

Prime Minister Nawaz

Prime Minister Nawaz

پاکستان مسلم لیگ نون نے بغیر ثبوت اپوزیشن کے الزامات کا ہر فورم پر جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیگی قیادت نے وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ پر لگائے گئے الزامات کی مذمت کرتے ہوئے عوام کو سازشوں سے آگاہ کرنے اور اعتماد میں لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد: (یس اُردو) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور وزرا کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔ اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کے اقتصادی ایجنڈوں کو ثبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عوامی ترقی و تعمیر کے سفر کو ذاتی خواہشات کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ ن نے اس سے پہلے بھی اپوزیشن کی ایسی سازشوں کا مقابلہ کیا اور اب بھی کریں گے۔ اسحاق ڈار نے وزراء اور رہنماؤں کو وزیراعظم کی ہدایات بھی پہنچائیں۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ سازشوں کو اہمیت نہ دی جائے۔ سازشوں پر وقت ضائع کرنے کے بجائے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر توجہ دی جائے۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف، وزیر اطلاعات پرویز رشید، وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر قانون زاہد حامد، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، اٹارنی جنرل اشتر اوصاف، سینیٹر مشاہد اللہ اور وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز شریک ہوئیں۔