counter easy hit

پاکستان یونیسکو کے ساتھ مل کر غربت اور ناخواندگی کے خاتمے کا خواہاں ہے

Minister for Federal Education Muhammad Baligh ur Rehman

Minister for Federal Education Muhammad Baligh ur Rehman

پیرس: 3 نومبر2017ء: وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان یونیسکو، بین الاقوامی اداروں اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر دنیا بھر میں امن لانے اور ترقی کرنے کیلئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج پیرس میں منعقد ہونے والی یونیسکو کی جنرل کانفرنس کے 39ویں اجلاس میں ملکی اعلامیہ پڑھتے ہوئے کیا۔

جناب وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف جنگ جیت چکا ہے اور ملک میں موجود دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے مکمل طور پر ختم کر دیئے جاچکے ہیں۔ پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی ترسیل کے تمام ذرائع بند کر دیئے ہیں اور دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن و امان کی بحالی کے بعد حکومت تعلیم پر بھرپور توجہ دے رہی ہے جو کہ انسانی معاشرے کی ترقی کیلئے بہت اہم ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم جناب بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان نے تعلیم کی مد میں ہونے والے اخراجات اور تعلیم کیلئے مختص کی جانے والی رقوم میں جی ڈی پی کے حوالے سے اضافہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں پرائمری سکولوں کے داخلوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ بنیادی سہولتوں کی فراہمی، اساتذہ کے تربیتی پروگراموں سے بھی مجموعی طور پر تعلیم کے معیار میں اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم پر توجہ دینے کے بعد بچے اور بچیوں میں تعلیم دینے کے فرق کو کم کرنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیسکو میں پاکستان کی طرف سے قائم کیئے جانے والے 10 ملین کے ملالہ فنڈ کی وجہ سے پاکستان میں اور غریب ممالک میں بچیوں کی تعلیم کو مزید فروغ دینے میں مدد ملی ہے۔

انہو ں نے یونیسکو کے ممبر ممالک سے درخواست کی ہے کہ وہ اس فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ دنیا میں غربت اور جہالت کے خاتمے میں مدد مل سکے۔

بعد میں وزیر تعلیم نے یونیسکو کی مستقبل میں سبکدوش ہونے والی ڈائریکٹر جنرل محترمہ ارینہ بکووا سے ملاقات کی اور ان کی طرف سے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے یونیسکو کی منتخب شدہ ڈائریکٹر جنرل محترمہ اودرے عزولے سے بھی ملاقات کی اور ان کی مستقبل میں کامیابی کیلئے دعا کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی راہنمائی میں یونیسکو تعلیم کے میدان میں مزید بہتر طریقے سے اپنا کردار ادا کر سکے گا۔

گزشتہ روز وزیر تعلیم نے ترک ہم منصب جناب اسمت یلمازاور ناروے کے ہم منصب جناب ہینرک آشم سے ملاقاتیں کیں۔ بعد ازاں وزیر تعلیم نے ایک اعلی وزارتی سطح کی تقریب میں بھی شرکت کی اور پاکستانی کمیونٹی و میڈیا سے بھی بات چیت کی۔