counter easy hit

موجودہ حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسی کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے ‘چوہدری سجاد نمبردار

موجودہ حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسی کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے ‘چوہدری سجاد نمبردار
پیرس(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کےنائب صدر چوہدری سجاد نمبردار نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں نے چھوٹے دکاندار سےلے کر مستحکم کاروباری اداروں تک سب کی چیخیں نکلوا دی ہیں،اس پر مستزاد حکومت کی جانب سے منی بجٹ میں 155ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کی خبروں نے عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کے حوالے سے کوئی ٹھوس حکمت عملی نہیں ہے ۔
عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے تمام دعوے ہوا میں اڑادیئے گئے ہیں ۔  انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں سے عوام کے مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھ رہے ہیں۔ پہلے ہی لوگ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں ،ایسے میں نئے ٹیکس لگانے سے عوام کی زندگی مزید اجیرن ہوجائے گی۔
جب تک عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے موجودہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹھوس اقدامات نہیں کرتی ملک میں نہ تو مہنگائی کا جن قابو میں آسکتا ہے اور نہ ہی ہم ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی کارکردگی کودیکھ کر عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے ۔ تبدیلی کے نام پر عوام کو گمراہ کیا گیا ہے۔ اگر حکمرانوں نے اپنی روش نہ بدلی تو ان کا انجام بھی ماضی کے حکمرانوں سے مختلف نہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ روپے کی بے قدری نے ملک میں نئے معاشی بحران کو جنم دیا ہے۔ ملکی قرضے 26ہزار ارب روپے سے تجاوز کرچکے ہیں۔ اس وقت ہر پاکستانی ایک لاکھ چھبیس ہزار روپے کا مقروض ہے۔ ملک کو بیرونی قرضوں کے پہاڑتلے دبادیا گیا ہے۔عوام دن بدن معاشی طورپر بدحال ہوتے جارہے ہیں۔  حکومت کو اب زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی طورپر اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ پاکستانی قوم کی زندگیوں میں بہتری آسکے۔تحریک انصاف کی حکومت ایسی پالیسیاں مرتب کریں جن سے حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف میسر آئے اور ملک ترقی کرسکے۔

ch sajjad numberdar, senior, leader, pmln, france