اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قرآن میں اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ ’’شہید کو مردہ نہ کہو وہ زندہ ہیں اور تمہیں اس کا شعور نہیں‘‘رب تعالیٰ کے اس فرمان کا مشاہدہ بیشتر بار دنیا کے مختلف حصوں میں لوگوں نے کیا۔ پاکستان میں اس طرح کے واقعات بیشتر پیش آچکے ہیں۔ ایک موقع پر جب 1971کی پاک بھارت جنگ میں جام شہادت نوش کرنے والے لانس نائیک محفوظ شہید کے جسد خاکی کو جب منتقل کرنے کیلئے قبر کشائی کی گئی تو لوگوں نے دیکھا کہ آپ جب دفن کئے گئے تھے تو آپ چہرہ پر بال زیادہ بڑے نہ تھے مگر قبر کشائی کے وقت آپ کی داڑھی اگی ہوئی تھی اور جسم بالکل تروتازہ تھا۔ ایسا ہی ایک واقعہ حال ہی میں مقبوضہ کشمیر میں پیش آیا جب معروف گوریلا کمانڈر برہان وانی کے ساتھی اور حزب المجاہدین کے آپریشنل کمانڈر سبزار احمد بٹ شہید کے جسد خاکی کو ان کے گھر لایا گیا تو وہاں ان کی والدہ نے جب الوداع کرتے ہوئے ان کے جسم کو اپنی بانہوں میں لے کر یہ کہا’’میرے لعل!ہم سیدھے سادھوں کو کس کے حوالے کر کے ہم سے جدا ہو گیا‘‘۔تو اس موقع پر وہاں موجود چشم دید گواہوں کی گواہی ہے کہ شہید کی والدہ کے یہ الفاظ ادا ہوتے ہی شہید سبزار کی آنکھوں سے آنسو رواں ہو گئے اور سپرد خاک ہونے تک آنسوئوں کا نکلنا جاری رہا حالانکہ چند بزرگ بار بار ان آنسوئوں کو پونچھتے رہے۔ یاد رہے کہ شہید سبزار کے والد مکرم اور بھائی بالکل سیدھے سادھے لوگ ہیں اور مقامی لوگوں کے بیانات کے مطابق صرف سبزار ہی اس گھر کا واحد فرد تھا جو معاملات کی صحیح سدھ بدھ رکھتا تھا۔ شہید کے متعلق قرآن میں دو مقامات پر صریحاََ یہ حقیقت بیان ہوئی ہے کہ اللہ کی راہ میں قتل ہونے والے کبھی مرتے نہیں بلکہ زندہ ہوتے ہیں لیکن ان کی اس زندگی کو سمجھنا عام انسانوں کے لئے ممکن نہیں ہے۔ دنیا میں کئی ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں جن سے قرآن مجید کی حقانیت ظاہر ہوئی ہے۔واضح رہے کہ سبزار شہید برہان وانی کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جاری مسلح تحریک آزادی کے روح رواں سمجھے جاتے تھے ۔ اس سے قبل بھی سبزار کو نشانہ بنانے کیلئے بھارتی فوج کئی آپریشن کر چکی تھی جس میں سبزار بچ نکلتے تھے ، وہ کافی عرصہ سے بھارتی فوج کیلئے درد سر اور چھلاوہ بنے ہوئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ برہان وانی کی شہادت کے وقت بھی سبزار احمد بٹ شہید ان کے ہمراہ تھے اور بھارتی فوجی آپریشن کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ سبزار شہیدمقبوضہ کشمیر میں مسلح جدوجہد کرنے والی کشمیریوں کی تنـظیم حزب المجاہدین سے تعلق رکھتے تھے۔