counter easy hit

متحدہ رہنماؤں کو بیرون ملک جانے سے روکنے کی زبانی ہدایات جاری

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے اہم سیاسی اور تنظیمی رہنماؤں کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے ایف آئی اے امیگریشن کو زبانی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اس سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ کے اہم رہنماؤں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کیلیے قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔

سندھ رینجرزاور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کراچی میں جرائم پیشہ افراداور سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگزکے خلاف آپریشن جاری ہے اوراس سلسلے میں خاص طورپر متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا گھیراتنگ کررہے ہیں۔ ذرائع ایکسپریس نیوز کے مطابق آپریشن شروع ہونے کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کے اہم تنظیمی اورسیاسی رہنماؤں کے بیرون ملک فرارہونے کے خدشے کے پیش نظرکراچی آپریشن میں شریک اداروں کی جانب سے وفاقی حکومت سے درخواست کی گئی تھی کہ فوری طورپر ایم کیوایم کے اہم رہنماؤں کوبیرون ملک جانے سے روکا جائے تاہم قوانین کے مطابق کسی بھی شہری کانام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے لیے اس کے خلاف مقدمات اور الزامات کی فہرست صوبائی حکومت کے توسط سے وفاقی وزارت داخلہ کوبھجوایا جانا ضروری ہے۔

ذرائع کے مطابق ای سی ایل میں باقاعدہ نام شامل ہونے سے قبل کسی بھی مطلوبہ رہنمایا کارکن کوبیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے ایف آئی اے کے اعلی افسران کی جانب سے امیگریشن کے عملے کوزبانی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ جب کہ سندھ پولیس اوررینجرز نے ایم کیوایم کے اہم سیاسی اور تنظیمی رہنماؤں کی فہرستوں کی تیاری بھی شروع کردی ہے اوران کے خلاف درج مقدمات بھی جمع کیے جارہے ہیں تاکہ جلدازجلد مطلوبہ افرادکے نام ای سی ایل میں شامل کیے جا سکیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ایف آئی اے امیگریشن کو یہ ہدایت بھی جاری کی گئی ہے کہ بیرون ملک سے ایم کیوایم کسی رہنما کی واپسی کی صورت میں فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کیا جائے جبکہ سندھ رینجرز نے کراچی ایئرپورٹ کے بین الاقوامی روانگی اورآمد کے مرکزی دروازوں پررینجرز اہلکار بھی تعینات کر دیے ہیں جو ایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے ملنے والی کسی بھی اطلاع پر فوری کارروائی کر سکیں گے۔