شکاگو: کتے کو سیر کروا کر واپس لانے والے بیٹے اور باپ میں بحث نے شدت اختیار کی تو ایک دوسرے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بیٹا ہلاک اور باپ زخمی ہو گیا۔

Father and son have disputed to get the dog walk in USA, Son killed
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی شہر شکاگو کے رہائشی بیٹے اور باپ میں اس وقت جھگڑا ہوگیا جب بیٹا اپنے پالتو کتے کو سیر کروانے قریبی پارک میں لے گیا اور جب واپس آیا تو باپ اور بیٹے میں اسی بات پر بحث شروع ہوگئی۔ بحث نے شدت اختیار کرلی اور تلخ کلامی سے ہاتھا پائی تک جا پہنچی اور پھر دونوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی۔ مقامی پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ باپ بیٹے کو ایک سے زیادہ گولیاں لگی ہیں جس کی وجہ سے 22 سالہ بیٹا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک جب کہ 43 سالہ باپ تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیرعلاج ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے اور واقعے کی تفتیش بھی شروع کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ شکاگو ٹریبیوں کے مطابق رواں برس کے صرف ساڑھے 3 ماہ میں اب تک 800 سے زائد افراد فائرنگ سے ہلاک یا زخمی ہوچکے ہیں۔








