لاہور: پنجاب کے محکمہ لوکل گورنمنٹ نے بلدیاتی انتخابات دسمبر یا جنوری کے بجائے اپریل 2027 میں کرانے کی تجویز کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ یہ تجویز سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سامنے آئی ہے جس میں دھند اور اسموگ کو انتخابی شیڈول میں تبدیلی کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
اسموگ اور دھند کے باعث تاریخ تبدیل کرنے کی سفارش
ذرائع کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے خبردار کیا ہے کہ 15 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران پنجاب میں اسموگ اور دھند کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ اسی پیش نظر محکمے نے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ تبدیل کرنے کی تجویز دی ہے۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ اس وقت اس تجویز کا جائزہ لے رہا ہے جس کے تحت انتخابات اپریل 2027 میں کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ کو کابینہ اجلاس میں بریفنگ دی جائے گی
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تجویز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو کابینہ اجلاس کے دوران دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تیار کیا گیا بلدیاتی انتخابات کا شیڈول بھی کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ انتخابات کی نئی تاریخ سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ کی منظوری سے مشروط ہوگا۔
صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ کی تصدیق
پنجاب کے وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی کی تجویز زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو دسمبر یا جنوری کے بجائے اپریل 2027 میں انتخابات کرانے کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔
حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد ہوگا
حکام کے مطابق نئی انتخابی تاریخ، شیڈول اور دیگر انتظامی معاملات پر حتمی فیصلہ متعلقہ فورمز پر مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا معاملہ پہلے ہی طویل عرصے سے التوا کا شکار ہے اور اب اسموگ اور دھند کے عوامل اس کی تاریخ میں مزید تبدیلی کا سبب بن سکتے ہیں۔
