لندن میں ہفتے کے روز آئرلینڈ کے بیلی لاک نین نے اسکوٹ میں برطانیہ کے چیمپئن جاکی کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ 20 سالہ گھڑ سوار ایک صدی سے زیادہ عرصے میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق لاک نین نے پانچ مرتبہ کے چیمپئن اور ساتھی آئرش گھڑ سوار اویسین مرفی کو شکست دے کر خطاب جیتا۔ اس سے قبل 1923 میں چارلی ایلیٹ نے کم عمری میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
نیو کاسل سے اسکوٹ تک کا سفر
لاک نین نے اپنے سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً چار سال قبل جب وہ اپنی پہلی سواری کے لیے نیو کاسل جا رہے تھے تو ان کا مقصد صرف چند ریسوں میں کامیابی حاصل کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگر اس دن کسی نے کہا ہوتا کہ چار سال بعد میں اس مقام پر ہوں گا تو میں اسے بالکل پاگل کہتا۔
رواں سال کی کارکردگی اور اگلا ہدف
بیس سالہ لاک نین نے رواں سال 220 سے زائد ریسوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اب ان کی نظریں گورڈن رچرڈز کے 1947 کے اس ریکارڈ پر ہیں جس میں ایک کیلنڈر سال کے دوران 269 فتوحات حاصل کی گئی تھیں۔
لاک نین کی یہ کامیابی برطانوی گھڑ دوڑ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے کیونکہ ایک صدی سے زائد عرصے تک کوئی بھی 20 سال کی عمر میں یہ اعزاز حاصل نہیں کر سکا تھا۔
