لالہ موسیٰ: نوازشریف کے قافلے میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی کی نشاندہی ہوگئی ہے جس نے گزشتہ روز 12 سالہ حامد کو کچل دیا تھا۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کے نااہلی کے بعد اسلام آباد سے لاہور جانے والی ریلی گزشتہ روزجب لالہ موسیٰ پہنچی تو نوازشریف کے پروٹوکول میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی نے روڈ کنارے کھڑے 12 سالہ بچے حامد کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں بچے کی ہلاکت واقع ہوگئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور ان کے بھائی نوازشریف نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق بچے کو مشن کا پہلا شہید قرار دیا تھا جب کہ وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا جس پر ڈی پی او گجرات سہیل ظفر چٹھہ کے مطابق واقعے کا مقدمہ گزشتہ روز ہی درج کرلیا گیا تاہم مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج ہوا اور تاحال کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

