counter easy hit

ورلڈ الیون سے سیریز 3 سال تک ہوگی، چیرمین پی سی بی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہےکہ ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان سیریز کا سلسلہ 3 سال تک جاری رہے گا۔

Series will be held for three years with World XI, Chairman PCBپاکستان میں عالمی کرکٹ کے دروازے کھل چکے ہیں اور گزشتہ روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ورلڈ الیون اور قومی ٹیم کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ ہوا جس میں شائقین کرکٹ نے انتہائی پرجوش انداز میں شرکت کی جب کہ ورلڈ الیون کا بھی شاندار استقبال کیا گیا۔ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی پر دنیائے کرکٹ کے بڑے ناموں نے بھی خوشی اور پاکستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی نے غیر ملکی اخبار سے گفتگو میں پاکستان کے کرکٹ شائقین کو ایک اور خوشخبری سنائی۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کا سلسلہ جاری رہے گا، ورلڈ الیون ہر سال پاکستان کا دورہ کرے گی اور یہ سیریز مسلسل 3 سال تک کھیلی جائے گی۔ چیرمین پی سی بی نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم اکتوبر اور ویسٹ انڈیزکی ٹیم نومبر میں آئے گی جب کہ اگلے سال ایک سے 2 بڑی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی اور اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو آئندہ سالوں میں مزید بڑی ٹیمیں پاکستان آسکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2 سال پہلے بورڈ اس طرح کا رسک نہیں لینا چاہتا تھا لیکن اب دہشت گردی کے خلاف 90 سے 95 فیصد مقاصد حاصل کرچکے ہیں اس لیے ملک کی بہتر صورتحال عالمی برادری کو ہماری طرف متوجہ کرے گی۔ واضح رہےکہ ورلڈ الیون ٹیم میں غیر ملکی ٹیموں کے بڑے نام شامل ہیں اور ان کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔