counter easy hit

پیپلز پارٹی پاکستان میں اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہتی ہے : حامد میر کا دعویٰ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے جیل جانے کی تیاری مکمل کر لی ہے حتیٰ کہ انہوں نے تو یہاں تک سوچ لیا ہے کہ پنجاب کی جیلوں میں انکا علاج کون کرے گا اور سندھ کی جیلوں میں کون ، جیسے ہی وہ جیل جائیں گے تو بلاول بھٹو زرداری کے لب و لہجہ میں تبدیلی آجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی حامد میر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اب چاہتی ہے کہ پاکستان میں اپوزیشن کا کردار ادا کرے، آصف زرداری اس کے لیے بالکل تیار ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ حکومت انہیں اب جیل بھیج دیں، انہوں نے یہاں تک سوچ رکھا ہے کہ پنجاب کی جیلوں میں انکا علاج کون سے ڈاکٹر کریں گے اور سندھ کی جیلوں میں کونسے ڈاکٹر انہیں کونسی دوائیاں پہنچائیں گے۔
حامد میر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی جانب سے یہ راز بھی افشاں ہونا چاہیئے کہ ان سے کون این آر او مانگ رہا ہے۔ جنوبی صوبہ پنجاب کے قیام کے حوالے سے حامد میر کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر کسی قسم کی بازی گیری نہیں چل سکتی ہے، ملک میں اپوزیشن کی دو بڑی پارٹیاں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی موجود ہیں، حکومت اگر صوبہ جنوبی پنجاب بنانا چاہتی ہے تو اُسے پیپلز پارٹی یا مسلم لیگ ن میں سے کسی بھی ایک پارٹی کو ساتھ لے کر چلنا ہی پڑے گا اس کے علاوہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے