counter easy hit

عمران خان اور بلاول کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو مبارکباد

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے متفقہ امیدوار صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ بننے پر مبارکباد دی ہے۔پاکستان تحریک انصاف، پیپلزپارٹی، بلوچستان اور فاٹا کے آزاد سینیٹر کے مشترکہ امیدوار صادق سنجرانی 57 ووٹ حاصل کرکے چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے ہیں جب کہ ان کے مدمقابل حکومتی اتحاد کے امیدوار راجا ظفر الحق نے 46 ووٹ لیے ہیں۔

بلوچ سینٹر صادق سنجرانی کو چیئرمین سینٹ بننے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان کا انتخاب وفاقِ پاکستان کو تقویت بخشے گا۔آج کے دن ہم بلوچ عوام اور وفاقِ پاکستان کیلئے نہایت خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔

صادق سنجرانی کے چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مبارکباد دی ہے۔اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ بلوچ سینیٹر صادق سنجرانی کو چیئرمین سینٹ بننے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کا انتخاب وفاقِ پاکستان کو تقویت بخشے گا۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم بلوچ عوام اور وفاقِ پاکستان کیلئے نہایت خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔

Zia’s opening batsman defeated. Balochistan wins. Federalism wins. Congratulations Chairman Senate Sadiq Sanjrani.

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ضیاء الحق کے اوپننگ بیٹسمین کو شکست ہوگئی، وفاق اور بلوچستان فاتح رہے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی آپ کو مبارک ہو۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے سلیم مانڈوی والا کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔آصف زرداری نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے سے وفاق مضبوط ہوگا۔

امید ہے صادق سنجرانی جمہوریت کے فروغ کے لیے کام کریں گے، فاروق ستار

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے بھی صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔فاروق ستار نے چیئرمین سینیٹ کے لیے نیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی صادق سنجرانی جمہوریت کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ شاہی سید نے سینیٹ انتخابات میں کامیابی پر صادق سنجرانی اور سلیم مانڈی والا کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے بعد جو حالات پیدا کئے گئے ہیں گمان یہی ہے کہ یہ ایوان ڈگمگاتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کا بائیکاٹ کرنے والوں نے زرداری کے ساتھ بیک ڈور رابطوں کیلئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کا سہارا لیا۔شاہی سید نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی نے سینیٹ میں نمبر گیم کیلئے رضا ربانی کی قربانی دی۔

ثابت ہوگیا اتحاد میں برکت ہے، چوہدری شجاعتپاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری شجاعت حسین نے بھی صادق سنجرانی اور سلیم مانڈوی والا کو چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور آصف زرداری بھی اس کامیابی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔چوہدری شجاعت نے کہا کہ وہ عمران خان سمیت تمام اپوزیشن کو خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہیں، سینیٹ میں جیت سے ثابت ہو گیا اتحاد میں برکت ہے۔خیال رہے کہ سینیٹ کے چیئرمین کے لیے اپوزیشن اتحاد کے نامزد امیدوار صادق سنجرانی 57 ووٹ لے کر چیئرمین سینیٹ منتخب ہوچکے ہیں جبکہ ن لیگ کے نامزد امیدوار راجا ظفر الحق محض 46 ووٹ حاصل کرسکے۔