counter easy hit

اسلام آباد میں مسافروین اور ٹرالر میں تصادم؛ 14افراد جاں بحق

اسلام آباد: چکری انٹرچینج کے قریب مسافروین اورٹرالرمیں تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔

14 killed in collion of passenger van and traller in Islamabadجھنگ سے راوالپنڈی آنے والی وین چکری انٹر چینج کے قریب مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ جس کے باعث وین میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری وین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیوں ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور انہوں نے آگ پر قابو پانے کے بعد 20 زخمیوں کو سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کردیا۔ سی ایم ایچ کے طبی عملے نے 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جب کہ 8 زخمی دوران علاج دم توڑ گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے بھی شامل ہیں۔ دیگر زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ وین میں سوار افراد کے مطابق حادثے کے وقت ڈرائیور کی آنکھ لگ گئی تھی جس کی وجہ سے حادثہ رونما ہوا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوپائی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا جب کہ وزیراعلیٰ نے حادثے کے بارے میں حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔