counter easy hit

پانچ برس میں ملک کو بجلی بحران سے نجات دلا دیں گے : نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لاہور (یس ڈیسک) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ صحافیوں نے ہر مشکل دور میں بھی جمہوریت کا ساتھ دیا ہے، نیشنل ایکشن پلان وقت کی ضرورت ہے اس کی وجہ سے ہی ملک مشکل دور سے نکلے گا۔

لاہور میں سی پی این ای کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ ملک میں کئی سال تک آئین معطل رہا اور اس کی وجہ سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوا، اس میں میڈیا کے چند دوستوں نے عمران خان اور طاہر القادری کا دھرنے میں ساتھ دیا۔

اس وقت ملک کو معاشی، امن و امان اور دہشتگردی کے مسائل کا سامنا ہے، ہم اس کو درست ٹریک پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں، اور اب کئی سالوں کے بعد ملکی کرنسی مستحکم ہو رہی ہے لیکن دھرنوں کے دوران ملکی کرنسی کا ریٹ کم ہوا۔

بین الاقوامی رہنمائوں کے دورے منسوخ ہوئے اور اس طرح عالمی سطح پر پاکستان کا نام بدنام ہوا، ان لوگوں نے قومی ٹٰی وی چینل پر حملہ کیا اور اس کے علاقوں سرکاری عمارتوں کا گھیرائو کیا، پارلیمنٹ ہائوس کا گھیرائو کیا اور مجھ سے استعفیٰ طلب کیا گیا، اب یہ میڈٰا کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے عناصر کا گھیرائو کرے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ پھولوں کی سیج نہیں، میں ملک میں آزاد میڈیا کا حامی ہوں اور اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ ہم سب مل کر اس ملک کے مسائل کو حل کرسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو توانائی بحران کا سامنا ہے اور ہماری حکومت ان مسائل سے آگاہ ہے اور ان کے حل کیلئے کوشاں ہے۔

ہمارے نقادوں نے ہم پر تنقید کا سلسلہ جاری رکھا لیکن ہم نے اپنے پراجیکٹ جاری رکھے لیکن میں یقین دلاتا ہوں کہ پانچ سال کے دوران ملک کے تمام عوام کو لوڈشیڈنگ سے چھٹکارہ مل جائے گا اور ہم بجلی کی پیداوار میں خودکفیل ہو جائیں گے۔