فیصل آباد: وزیرمملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہناہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ جلد متوقع ہے ہم فیصلے پر سجدہ ریز ہوں گے اورعمران خان ناکامی کے بعد تیسری شادی کی تیاری کرلیں۔

Imran Khan preparations for third marriage, Abid Sher Ali
فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرمملکت عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ پاناما کے معاملے میں ہمارا دامن صاف ہے ہم نے اپنے بزرگوں کی قبروں کا بھی ٹرائل کروایا بہت جلد کیس کا فیصلہ آنے والا ہے ہم عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر سجدہ ریز ہوں گے اور عمران خان ناکامی کے بعد اپنی تیسری شادی کی تیاری کریں۔ عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے تمام حواری چور اور ڈکیت ہیں اگر جہانگیر ترین کے حق میں فیصلہ آجائے تو ٹھیک ہے اور کسی اور کے حق میں عدالتیں فیصلہ دیں تو کہتے ہیں کہ ڈیل کا حصہ ہے اگر عمران خان نے فیصلوں کی ناکامی پر عدالتوں پر حملہ کیا تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی دربار سے لنگر اورمزارت کا مال کھاتے ہیں جب کہ وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا کا اتنا وزن نہیں جتنی بھڑکیں مارتے ہیں ہم بنی گالہ کی بھڑکوں کا جواب ہم اپنےکام سےدیں گے۔ وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری پورے سندھ کی ایک سڑک بتادیں جو پنجاب کی ایک عام سڑک کا مقابلہ کرسکے ان کی حکومت نے سندھ کو ہاتھوں، لاتوں اور منہ سے لوٹا ہے اب آصف زرداری کراچی میں بھی چند سیٹیں جیت جائیں تو بہت بڑی کامیابی ہوگی۔ عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن 3سال تک کہاں تھے وہ تو شراب خانوں میں مار کھاتے رہے اور عوام اور عدالتوں کو بتایا کہ علاج کی غرض سے بیرون ملک مقیم تھا وہ بتائیں کہ کس کے ڈر سے ملک چھوڑ کر فرار ہوئے اور اگر انہوں نے علاج یا کوئی ٹیسٹ کروائے مجھے اس اسپتال کا نام بتا دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضمانت عدالتوں کا کام ہے لیکن شرجیل میمن سینما کی ٹکٹیں بلیک کرتے اور سی ڈیز بیچتے تھے ان کے گھر سےاربوں روپے کیسے نکلے یہ ایک معمہ ہے۔
آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ہٹانے کے سوال پر وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ سندھ میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمدجاری ہے اور وہاں ایپکس کمیٹی بھی موجود ہے وہ خود فیصلہ کرے گا اور ایپکس کمیٹی میں اے ڈی خواجہ کا جوبھی فیصلہ ہوگا وہی بہتر ہوگا۔








