
کراچی: 29 نومبر کو پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اپنی ملازمت سے ریٹائر ہوجائیں گے جس کے بعد نئے آرمی چیف اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے افواج پاکستان کے سربراہان سے متعلق رپورٹ میں پہلے جنرل فرینک میسروی سے جنرل راحیل شریف تک پاک فوج کے 15 سربراہان کا مختصر احوال پیشِ خدمت ہے۔
1947 میں قیامِ پاکستان سے لے کر 1971 تک پاک فوج میں سربراہ کا عہدہ ’’کمانڈر اِن چیف‘‘ کہلاتا تھا جسے 1972 سے ’’چیف آف دی آرمی اسٹاف‘‘ (سی او اے ایس) کہا جانے لگا۔ یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ قیامِ پاکستان کے ابتدائی 41 ماہ میں (15 اگست 1947 سے 16 جنوری 1951 تک) پاک فوج کی باگ ڈور برطانوی جرنیلوں کے ہاتھوں میں رہی۔ پاکستانی شہریت رکھنے والے پاک فوج کے سربراہان کی تعیناتی کا سلسلہ اس کے بعد شروع ہوا جو آج تک جاری ہے۔
سر فرینک میسروی:پاک فوج کے پہلے سربراہ تھے جو کمانڈر اِن چیف کے عہدے پر 15 اگست 1947 سے 10 فروری 1948 تک فائز رہے۔ وہ برطانوی شہری تھے اس لیے سبکدوشی کے فوراً بعد برطانیہ واپس چلے گئے۔

