کراچی: معروف پاکستانی ٹی وی اداکار حمزہ علی عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ریحام خان نے اپنی نئی آنے والی کتاب میں صرف عمران خان کی مخالفت میں باتیں لکھیں اور خود کو فرشتہ ثابت کیا جبکہ ریحام نے حمزہ علی عباسی کے دعویٰ مضحکہ خیز قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی کتاب آئندہ چند روز میں رونمائی کے لیے پیش کی جائے گی مگر پاکستانی اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کتاب کا مسودہ پڑھ لیا۔
حمزہ علی عباسی نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ کیا کہ ’بدقسمتی سے ریحام خان کی کتاب کا مسودہ پڑھنے کا اتفاق ہوا جس کا خلاصہ یہ ہے کہ عمران خان اس دنیا کے سب سے بڑے شیطان ہیں‘۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ریحام نے خود کو دنیا کی سب سے نیک اور تہجد گزار خاتون اور شہباز شریف کو سب سے زیادہ حیران کُن شخصیت قرار دیا۔
دوسری جانب ریحام خان نے دعویٰ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’میری کتاب تو ابھی تک شائع نہیں ہوئی تو پھر حمزہ علی عباسی نے مسودہ کس طرح پڑھا، یہ صرف فراڈ کے ذریعے ہی ممکن ہے‘۔
ملکی اور غیر ملکی میڈیا میں صحافتی امور سرانجام دینے والی ریحام خان نے ایک اور ٹویٹ میں دعویٰ کیا کہ انہیں حمزہ علی عباسی نے ایک سال قبل دھمکی آمیز ای میل بھیجی۔
عمران خان کی سابق اہلیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مبینہ دھمکی آمیز ای میل کا اسکرین شارٹ بھی شیئر کی جو 15 اگست 2017 کو بھیجی گئی تھی۔