سندھ رینجرز اور ضلع غربی پولیس نے سرجانی ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کے دوران بین الصوبائی انسانی اسمگلنگ میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزمان غیر قانونی افغان شہریوں کو حب سے کراچی منتقل کرتے تھے اور حب میں ان کے قیام کا عارضی انتظام بھی کرتے تھے۔
گرفتار ملزمان کی تفصیلات
رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں عبدالعزیز بروہی، محمد بخش دشتی، علی حسن بروہی، ندیم بروہی اور جمیل بروہی شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور ایک سوزوکی لوڈر گاڑی بھی برآمد کی گئی ہے۔
غیر ہموار راستوں کا استعمال
ترجمان کے مطابق ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے منگھوپیر، بند مراد، سرجانی اور ناردرن بائی پاس کے غیر ہموار راستے استعمال کرتے تھے۔ رینجرز کے مطابق ایک خاندان کو کراچی منتقل کرنے کے عوض ملزمان تقریباً بیس لاکھ روپے وصول کرتے تھے۔
ایک ماہ میں 230 افغان شہریوں کی منتقلی
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے صرف ایک ماہ کے دوران تقریباً دو سو تیس غیر قانونی افغان شہریوں کو کراچی منتقل کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ کے لیے چھوٹی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا بھی استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
دہشت گرد عناصر کی منتقلی میں ملوث ہونے کا انکشاف
ترجمان سندھ رینجرز نے مزید بتایا کہ اسی نوعیت کے ایک گروہ نے بلوچستان سے کراچی تک دہشت گردانہ حملوں میں ملوث ملزمان کی منتقلی میں بھی مدد فراہم کی تھی۔
