counter easy hit

یمن میں باغیوں کے خلاف سعودی آپریشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں، آصف زرداری

Asif Zardari

Asif Zardari

کراچی (جیوڈیسک) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور یمن میں باغیوں کے خلاف سعودی آپریشن کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

کراچی میں یمن کی صورتحال کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران رحمان ملک نے آصف زرداری کا بیان پڑھ کر سنایا جس میں ان کا کہنا تھا کہ باغیوں کی وجہ سے یمن میں جمہوری حکومت کو خطرات لاحق ہوئے اس لئے پیپلز پارٹی سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور یمن میں باغیوں کے خلاف سعودی آپریشن کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ اپنے پیغام میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ کوئی بھی مسلمان سعودی عرب میں واقع مقدس مقامات پر آنچ نہیں آنے دے گا اور کسی بھی مشکل وقت میں تمام اسلامی ممالک سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

اس موقع پر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اور پیپلز پارٹی یمن میں جمہوریت کی بقا کے لئے ہونے والی کارروائی کے ساتھ ہے، سعودی عرب نے ہماری بہت مدد کی ہے اور آج اگر وہ مشکل میں ہے تو پاکستان اس کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ہم نے اپنا کردار ادا کیا۔

لیکن موجودہ حکومت نے کبھی سعودی عرب سمیت کسی بھی ملک سے تعلقات کے بارے میں پارلیمنٹ کو آگاہ نہیں کیا اس لئے ہمیں وزیر اعظم نواز شریف کے سعودی عرب سے تعلقات کی نوعیت معلوم نہیں، سعودی عرب کی صورتحال پر نواز شریف نے آصف زرداری کو حمایت میں نہیں لیا اس لئے پیپلز پارٹی وزیر اعظم سے رابطے کے بعد اپنے واضح موقف کا اعلان کرے گی۔