counter easy hit

وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے اس وقت فیورٹ کون ہے؟

لاہور: وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت کنفرم ہوچکی ہے لیکن پنجاب میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کی جانب سے اپنی اپنی حکومت بنانے کیلئے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے، دونوں جماعتوں نے آزاد امیدواروں اور چھوٹی جماعتوں سے امیدیں باندھ رکھی ہے ، اگر نمبر گیم میں تحریک انصاف کامیاب ہوئی تو ممکنہ طور پر ڈاکٹر یاسمین راشد وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے سب سے فیورٹ امیدوار ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن نے 127 اور تحریک انصاف نے 123 نشستیں حاصل کی ہیں جس کے بعد مرکزی قیادت کی جانب سے حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ تو ارکان اسمبلی کی جانب سے وزارت اعلیٰ کیلئے لابنگ جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وسطی پنجاب میں تحریک انصاف کی ناقص کارکردگی کے باعث عمران خان نے وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے جبکہ ہفتہ کے روز وہ خود بھی میڈیا سے گفتگو میں اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں۔

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور جنوبی پنجاب کے صدر اسحاق خاکوانی بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے امیدوار تھے لیکن دونوں ہی اپنی صوبائی اسمبلی کی نشستیں ہارنے کے باعث اس دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں۔ پارٹی کے ترجمان فواد چوہدری وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں لیکن عمران خان سختی کے ساتھ ان کی اس خواہش پر پانی پھیر چکے ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کے وزیر اعلیٰ بننے کے امکانات بھی معدوم ہیں۔

ایسے میں تحریک انصاف کے پاس لاہور سے میاں اسلم اقبال اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی شکل میں 2 امیدوار موجود ہیں ۔ اسلم اقبال اس وجہ سے بھی قیادت کو پسند ہیں کہ انہوں نے نہ صرف مسلسل دوسری بار اپنی نشست جیتی ہے بلکہ وہ پارٹی کی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے ہیں لیکن عمران خان کا جھکاﺅ ڈاکٹر یاسمین راشد کی طرف ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد این اے 125 میں الیکشن ہارنے کے بعد اسمبلی سے تو باہر ہوچکی ہیں لیکن انہیں مخصوص نشست پر منتخب کرکے وزیر اعلیٰ پنجاب بنایا جاسکتا ہے۔

تحریک انصاف کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ کو ڈاکٹر یاسمین راشد نے عمران خان سے ملاقات کی تو انہوں نے الیکشن ہارنے پر معافی مانگی لیکن اس کے جواب میں عمران خان نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں بتایا کہ وہ عوام میں بے حد مقبول ہیں۔ ملاقات کے دوران عمران خان نے ڈاکٹر یاسمین سے کہا کہ وہ انہیں پنجاب میں دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ پنجاب میں 65 فیصد آبادی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ڈاکٹر یاسمین یہاں صحت کے حوالے سے کام کریں۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے ڈاکٹر یاسمین راشد سے کہا ’ صحت کا شعبہ میرے دل کے انتہائی قریب ہے اور میں چاہتا ہوں کہ آپ پنجاب کے غریب لوگوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں بہتری لے کر آئیں‘۔