counter easy hit

ہماری جدوجہد کی بنیاد کشمیری محنت کشوں کی عظیم قربانی ہے۔آزاد راجہ

Azad Raja

Azad Raja

لیوٹن برطانیہ (تیمور لون) جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی مادروطن جموں کشمیر کی قومی آزادی اور آزادی کے بعد عوامی خوشحال حکمرانی پر یقین رکھتی ہے ہماری جدوجہد ہی عوام اور خاص کر محنت کش طبقہ کی عظیم قربانیوں پر رکھی گئی ہے ہماری جدوجہد کا نقطہ آغاز کشمیر میں 29 اپریل 1865 کو کشمیری مزدوروں کی اپنے حقوق کی خاطر دی جانے والی قربانیوں پر ہے جس میں مطلق العنان مہاراجہ حکمرانوں نے نہتے 28 مزدوروں کو دریا میں ڈبو کر شہید کردیا تھا۔

ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ برانچ کے سابق جنرل سیکرٹری آزاد راجہ نے اپنے بیان میں کیا ہے۔ آزاد راجہ نے کہا ہے کہ کشمیر کی قوم پرست تنظیموں میں موجود مطلق العنان پرستوں کو ان تنظیموں سیاسی تخریب کاری کی بجائے اپنی شاہ پرست الگ جماعت بنا لینی چاہیئے۔

ہماری صفوں میں عوام دشمنوں کے پیروکاروں ، مفاد پرستوں ، خود نمائی کرنے والے اور اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کی خاطر ہماری عوام طرفداری عظیم آدرشوں کی عظیم جدوجہد کو تباہ کرنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے گی ۔ تاریخ گواہ ہے کہ ہماری سرخ لہو رنگی قدم قدم سرخرو تحریک کو قابض ممالک کی خفیہ طاقتوں سمیت ہمارے بیچ سے مفاد پرست ٹولہ کبھی ختم نہ کرسکا ہے اور اب بھی اس عظیم تحریک پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ۔ انہوں نے پارٹی کے طلبا ونگ کے کامیاب گولڈن جوبلی کنونشن کے نتیجہ میں منتخب ہونے والی این ایس ایف کی قیادت کو مبارک باد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ نیا خون این ایس ایف کو مزید طلبا کے حقوق کی محافظ تنظیم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے این ایس ایف کی سیاست میں این ایس ایف سے باہر چاچوں ، ماموں اور بوڑھے کرداروں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے نام کو زندہ رکھنے کی خاطر طلبا پر سیاست کرنے والے پچاس ، ساٹھ سالہ کرداروں کو طلبا سیاست کی بجائے پارٹی کے پلیٹ فارم سے عوام سیاست کرکے مادروطن جموں کشمیر کی قومی آذادی اور ایک خوشحال معاشرہ کے قیام کی جدوجہد کو منظم کرنے میں اپنی توانیاں صرف کرنا ہوں گی تاکہ مادر وطن کے ہر پار قابض افواج کے مکمل انخلاء اور عوامی راج قائم کرنے کی جدوجہد کو کامیابی کی جانب گامزن کیا جاسکے۔