counter easy hit

وقت آ گیا پوری قوم دہشتگردی کیخلاف متحد ہو جائے :الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (یس ڈیسک) دہشت گردی کے واقعہ میں ایف سی کے 8 اہلکاروں کی شہادت پر قائد تحریک الطاف حسین کا اظہار افسوس ، انتہاپسند دہشت گرد عناصر نے پاکستان کے خلاف باقاعدہ جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ وقت آگیا ہے کہ پوری قوم متحد ہوجائے اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے بلوچستان کے علاقے لورالائی میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور دہشت گردی کے اس حملے میں ایف سی کے 8 اہلکاروں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انتہا پسند دہشت گرد عناصر نے پاکستان کے خلاف ایک باقاعدہ جنگ چھیڑ رکھی ہے اور وہ ملک بھرمیں سیکورٹی فورسز اور عوام کو مسلسل دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ پاکستان کو داخلی طور پر غیر مستحکم کیا جا سکے۔

اس سے قبل بھی آرمی ، نیوی، ایئر فورس اور مسلح افواج کے دیگر اداروں کے مراکز کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا چکا ہے اور آج لورالائی میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا یہ بڑا حملہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اس طرح کی کارروائیوں کے ذریعے مذہبی انتہا پسند دہشت گردوں کے خلاف مسلح افواج کی کارروائیوں کو ناکام بنانا چاہتے ہیں۔

وقت آگیا ہے کہ پوری قوم متحد ہو جائے اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دے۔ جناب الطاف حسین نے دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے ایف سی کے جوانوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔