counter easy hit

تحریک انصاف نے سندھ حکومت کیخلاف کارروائی ڈالنے کیلئے بڑی حکمت عملی تیار کر لی

حیدر آباد (ویب ڈیسک) تحریک انصاف نے سندھ میں حکومت کی تبدیلی کیلیے قوم پرستوں سے رابطے تیز کردیے ہیں۔ سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے قوم پرست رہنماؤں سے ہنگامی ملاقاتیں کرکے پارٹی قیادت کا پیغام پہنچایا۔ جی ڈی اے کے رہنما ایاز لطیف پلیجو نے دعویٰ کیا ہے کہ جلد ہی سندھ میں تحریک انصاف اور جی ڈی اے کی مشترکہ حکومت بنائی جائے گی جبکہ جلال محمود شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ مراد علی شاہ فوری طور پر عہدے سے استعفیٰ دے کر مقدمات کا سامنا کریں۔ تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کے استعفے اور حکومت سندھ کی تبدیلی کے لیے قوم پرست رہنماؤں سے رابطے تیز کردیے گئے ہیں اور اس حوالے سے ٹاسک تحریک انصاف سندھ کے سیکریٹری جنرل و سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ کو سونپا گیا ہے جنھوں نے پارٹی قیادت کی ہدایت پر ہنگامی دورے کرکے قوم پرست رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی شروع کر دی ہیں، حلیم عادل شیخ نے جام شورو میں سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ اور بعدازاں قاسم آباد پہنچ کر قومی عوامی تحریک کے سربراہ و گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے رہنما ایاز لطیف پلیجو سے بند کمرے میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی۔