counter easy hit

: پانچ نوجوان لڑکیوں کی ایک ساتھ ہلاکت نے پورے شہر میں کہرام مچا دیا

راولپنڈی(ویب ڈیسک) راولپنڈی کے علاقہ سیٹلائٹ ٹاﺅن اے بلاک میں دلخراش واقعہ پیش آ گیا جہاں شادی والے گھر میں کمپریسر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی اس اچانک بھڑک اٹھنے والی آگ نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور 5 نوجوان لڑکیاں اس آگ کی لپیٹ میں آ گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق آگ کا نشانہ بننے والے گھر میں ایک لڑکی ثناءطارق کی 17 جنوری کو شادی تھی۔ اور اس سلسلے میں تقریبات جاری تھیں پیر کی رات گئے مہندی کی تقریب سے فارغ ہونے کے بعد منگل کی صبح ناشتے کی تیاری کے دوران گھر میں نصب گیس کمپریسر دھماکے سے پھٹ گیاجس سے اچانگ خوفناک آگ بھڑک اٹھی آگ کی لپیٹ میں آ کر 24 سالہ نینا، 15 سالہ حنا ، 20 سالہ حفصہ اور 25 سالہ مناہل بری طرح جھلس کر موقع پر دم توڑ گئیں جبکہ 24 سالہ دلہن ثنا طارق کو فوری طور پر بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن ہسپتال میں برن یونٹ فعال نہ ہونے سے اسے فوری طبی امداد نہ دی جا سکی جس کی وجہ سے وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئی جاں بحق ہونیوالی دلہن کے چچا نے الزام لگایا کہ ہلاکتیں ریسکیو ٹیم کی غفلت کے باعث ہوئیں، میں ہاتھ جوڑتا رہا کہ اگر کسی نے کچھ کہا تو معاف کر دو مگر انہوں نے آگ نہیں بجھائی۔ اہل محلہ کا بھی کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیم بروقت آپریشن کرکے جانیں بچا سکتی تھی لیکن وہ کھڑے رہے اور کچھ نہیں کیا۔ دوسری طرف راولپنڈی ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر عبدالرحمان نے متاثرین کے الزامات کو یکسر مسترد کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ آٹھ سے دس منٹ میں پہلی گاڑی پہنچی۔ آگ بہت زیادہ تھی فوری مزید گاڑیاں بھیج کر آپریشن شروع کر دیا گیا تھا۔