counter easy hit

بگ بینگ کے بعد کا سب سے بڑا دھماکا

سائنس دانوں نے سپر میسِو یا انتہائی بڑے بلیک ہول کی وجہ سے پیدا ہونے والے ایک بہت بڑے دھماکے کا سراغ لگایا ہے۔ اسے بگ بینگ کے بعد سب سے بڑا دھماکا قرار دیا جا رہا ہے۔

Galaxy bigbang

Galaxy bigbang

جمعرات کے روز سائنس دانوں نے بتایا کہ زمین سے 390 ملین نوری سال کے فاصلے پر کہکشاؤں کے ایک جھرمٹ میں یہ بہت بڑا دھماکا ریکارڈ کیا گیا، جس کا منبع ایک بلیک ہول تھا۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا اتنا بڑا تھا کہ اس سے پیدا ہونے والے جھماکے میں 15 ملکی وے (ہماری کہکشاں) سما سکتی ہیں۔ واشنگٹن میں قائم ناول ریسرچ لیبارٹری سے وابستہ اور اس دھماکے سے متعلق تازہ سائنسی رپورٹ کی مرکزی مصنف سیمونا گیاکِنتُکی کے مطابق، ”یہ دھماکا اتنا بڑا تھا کہ اس سے پیدا ہونے والے گرم گیس کے غبارے میں ہماری کہکشاں جیسی پندرہ کہکشائیں سما سکتی ہیں۔ اب تک ریکارڈ کیے جانے والے جھماکوں سے یہ پانچ گنا بڑا تھا۔‘‘

red galaxy

red galaxy

ماہرینِ فلکیات نے اس دھماکے کے مشاہدے کے لیے ناسا کی چندرا ایکس رے رصدگاہ کا استعمال کیا، جب کہ اس کے لیے یورپی خلائی رصد گاہ اور متعدد دیگر زمینی دوربینوں کو بھی باہم استعمال کیا گیا۔ سائنس دانوں کا خیال ہے کہ یہ دھماکا ہزاروں کہکشاؤں کے جھرمٹ اوفیوکس کے مرکز میں ایک بے حد بڑے بلیک ہول کی وجہ سے پیدا ہوا۔

واضح رہے کہ بلیک ہول فقط مادے کو اپنے اندر ہی جانب نہیں کھینچتے بلکہ جیٹس کی صورت میں مادے اور توانائی کا اخراج بھی کرتے ہیں۔ اس عظیم دھماکے کا پہلا اشارہ سن 2016 میں ملا تھا۔

ناسا کی رصدگاہ چندرا سے لی گئی تصاویر سے واضح ہے کہ افیوکس کہکشانی جھرمٹ میں غیرمعمولی جھکاؤ دکھائی دیا تاہم توانائی کے اس حد تک کے اخراج کے اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے ابتدا میں سائنس دانوں نے اس خیال کو رد کر دیا تھا کہ یہ نجم فشانی Steller erruption
ہو سکتی ہے۔ بعد میں دو دیگر خلائی رصد گاہوں اور آسٹریلیا اور بھارت میں موجودریڈیو دوربینوں سے حاصل ہونے والے ڈیٹا سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ یہ بڑا سیاہ دھبا اور گیسی جھکاؤ اصل میں بہت بڑے دھماکے کا عکاس تھا۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اب بلیک ہول ایک مرتبہ پھر خاموش ہو چکا ہے اور اب اس سے مزید جیٹ اسٹریمز باہر نہیں آ رہی ہیں۔