counter easy hit

سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ پر گرفتار 75 سالہ خاتون بے گناہ قرار

ریاض: سعودیہ عرب میں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں قید مصر کی 75 سالہ خاتون کو چار مہینے قید میں رہنے کے بعد انصاف مل گیا۔

بین الاقومی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی عدالت نے مصر کی بزرگ خاتون ’سعدیہ‘ کو منشیات اسمگلنگ کے الزام میں باضمانت بری کرتے ہوئے خاتون کو عمرے کی ادائیگی کا موقع فراہم کرکے واپس مصر بھجوانے کے انتظامات کی  ہدایت کی ہے۔

عدالتی حکم کی تعمیل میں ضعیف خاتون کو نہ صرف یہ کہ مصر واپس بھیج دیا گیا ہے بلکہ سعودی حکومت نے خاتون کو اس سال حج  کرانے کی بھی پیشکش کی ہے جس کے اخراجات سعودی حکومت ادا کرے گی۔

مصری خاتون کی گرفتاری کے بعد مصر کی حکومت نے تحقیقات کیں تو پتا چلا کہ عمر رسیدہ خاتون کے پڑوسی نے ضعیف خاتون کی عمرے کی خواہش کو بھانپتے ہوئے تمام اخراجات اُٹھانے کا وعدہ کیا اور تمام انتظامات کی تکمیل کے بعد ایئرپورٹ انہیں ایک تھیلا دیا جسے کسی شخص کو جدہ ایئرپورٹ پر وصول کرنا تھا۔

واضح رہے کہ مصر کی ضعیف خاتون چار ماہ قبل مارچ میں عمرے کی سعادت حاصل کرنے جدہ ایئرپورٹ پہنچی تھی جہاں ان کے سامان میں موجود ایک تھیلے سے نشے کے لیے استعمال ہونے والی ممنوعہ دوا ’ٹراما ڈول‘ کی 75 ہزار گولیاں برآمد ہوئی تھیں۔