لاہور: آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل تربیتی کیمپ کے لیے ممکنہ قومی کرکٹرز کا اعلان کردیا گیا۔

گرومنگ کے لیے شاہین شاہ آفریدی اور موسیٰ خان کو بھی قذافی اسٹیڈیم میں تربیت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ دوسری طرف یاسر شاہ کے بعد ایک اور کرکٹر کی انجری کی بھی تصدیق ہوگئی، شان مسعود گھٹنے میں تکلیف کے باعث ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل نہیں کیے گئے۔
منتخب 23 کرکٹرز کی ٹریننگ کا سلسلہ 11 سے 15 اپریل تک جاری رہے گا، بعد ازاں تینوں ٹیسٹ میچز کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا جس میں شامل پلیئرز 18 سے 22 تک قذافی اسٹیڈیم میں ہی ٹریننگ کریں گے، قومی اسکواڈ 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوگا۔
پہلا ٹیسٹ آئر لینڈ کے شہر ڈبلن میں 11 سے 15 مئی تک ہو گا، میزبان ٹیم اپنی تاریخ میں پہلی بار طویل فارمیٹ کا میچ کھیلے گی، انگلینڈ کے خلاف پہلا میچ 24 سے 28 مئی تک لارڈز، دوسرا یکم سے 5 جون تک لیڈز میں کھیلا جائے گا۔








