counter easy hit

سید خورشید شاہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافے کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سید خورشید شاہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات پر خدا ہی رحم کرے، اگر حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں نہ بڑھائیں تو عوام سڑکوں پر آجائے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے عمران خان کے منہ سے اچھے الفاظ نہیں نکلتے۔ انہوں نے پہلے ہی کہا تھا کہ میں سونامی بن کر آؤں گا۔ سونامی کا مطلب ہی تباہی ہے۔ مہنگائی کے باعث وہ موٹر سائیکل والا جو پچاس روپے میں پٹرول کا لیٹر لیتا تھا اور آج وہ ڈیڑھ سو روپے میں ایک لیٹر پٹرول خرید رہا ہے۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے کنٹینر پر کھڑے ہو کر چیخ چیخ کر عوام سے جو وعدے کیے وہ پورے نہیں کیے۔ ہم نے دہشتگردی،سیلاب اور سوات آپریشن کا مقابلہ کیا لیکن پھر بھی لوگوں کو بھوکا نہیں مارا۔

خورشید شاہ نے مزید کہا کہ میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم سے کم پچاس فیصد اضافہ کیا جائے۔تاکہ عوام کی مشکلات میں کچھ کمی ہو سکے۔واضح رہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے عوام کافی پریشان ہو کر رہ گئی ہے۔رمضان المبارک کے مہینے میں بھی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے جبکہ ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ اور پیسے کی قدر میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے جس نے عوام میں مزید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہئیے کہ وہ ہمیں ریلیف دے نا کہ مہنگائی میں مزید اضافہ کر کے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو نہ پا کر ہماری مشکلات میں اضافہ کرے۔